کوئٹہ میں کروڑوں روپے کے اے ٹی ایم فراڈ کا ملزم گرفتار
کوئٹہ (ویب ڈیسک)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کروڑوں روپے کے مبینہ اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ملزم کو کوئٹہ سے گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت ذوالفقار ولد سکندر علی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق حیدرآباد، سندھ سے بتایا جاتا ہے۔
این سی سی آئی اے کوئٹہ کے مطابق ملزم کو ایف آئی آر نمبر 163/2026 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ، پشین اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اے ٹی ایم فراڈ کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث رہا ہے، جن میں کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچایا گیا۔
حکام کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔