گلگت (ڈیلی خبردار کوئٹہ) گلگت بلتستان کے حلقہ GBA-12 شگر میں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر ریٹرننگ آفیسر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عمران ندیم اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار طاہر شگری کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے۔
ریٹرننگ آفیسر فیصل حیات گوندل کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دونوں امیدواروں نے عوامی اجتماعات کے دوران ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اسکیموں کے اعلانات اور وعدے کیے، جو الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 181 اور متعلقہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
نوٹس کے مطابق عمران ندیم پر الزام ہے کہ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت مستحق افراد کی رجسٹریشن مہم کو اپنی انتخابی سرگرمیوں سے جوڑا، جبکہ طاہر شگری پر باشہ یونین میں موبائل سگنل ٹاور کے قیام سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دونوں امیدواروں کو 24 گھنٹوں کے اندر تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔