نوشکی: پولیو ٹیم پر فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید؛ بچوں کے مستقبل پر حملہ برادشت نہیں کریں گے، بابر یوسفزئی

نوشکی ( نیوز ڈیسک): بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
​واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پولیو ٹیم پر حملہ دراصل بلوچستان کے بچوں کے روشن اور صحت مند مستقبل پر حملہ ہے۔
انہوں نے واقعے کا ذمہ دار “فتنۃ الہندوستان” کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر صوبے کے امن، ترقی اور بیماریوں کے خاتمے کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
​معاون برائے داخلہ نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتی ہے، اور ویکسینیشن ہی اس سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ ہے۔ پولیو ورکرز اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ہمارے بچوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے گھر گھر خدمات سرانجام دے رہے ہیں،
اور ان کی سیکیورٹی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
​بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے بزدلانہ عزائم بلوچستان کے بچوں کے مستقبل کو نہیں بدل سکتے۔
بلوچستان کے بچوں کو دہشت گردی اور بیماری کی نہیں بلکہ تعلیم، صحت، امن اور روشن مستقبل کی ضرورت ہے۔
حکومت صوبے کے تمام بچوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں