شعبۂ صحت کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 22 ارب روپے رکھنے کی تجویز

آئندہ مالی سال: صحت کے شعبے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 22 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز

آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں صحت کے شعبے کے لیے مجموعی طور پر 22 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق نئے اور جاری منصوبوں کے لیے فنڈز رکھنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ ڈرگ کنٹرول کے لیے 14 کروڑ اور قومی آبادی ایکشن پلان کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویزات کے مطابق صحت کے شعبے میں 21 جاری اور 12 نئے منصوبوں کے لیے فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔ نئے منصوبوں کے لیے 2 ارب 64 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسلام آباد کینسر اسپتال کے لیے ایک ارب 29 کروڑ 76 لاکھ روپے، جبکہ وزیراعظم کے انسدادِ ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے ڈیڑھ ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح وزیراعظم انسدادِ ذیابیطس پروگرام کے لیے ایک ارب روپے اور انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس سسٹم کی بہتری کے لیے ایک ارب 83 کروڑ روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

قومی صحت کے جاری منصوبوں کے لیے 19 ارب 36 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ بجٹ تجاویز میں اسلام آباد میں جناح اسپتال پولی کلینک منصوبے کے لیے ڈیڑھ ارب روپے، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی متعدی امراض لیبارٹری کے لیے ایک ارب روپے، جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے لیے 50 کروڑ روپے اور پمز میں اسٹروک و کریٹیکل کیئر سہولیات کی توسیع کے لیے ڈیڑھ ارب روپے شامل ہیں۔

مزید برآں، اسلام آباد کینسر اسپتال کے طبی آلات کی خریداری کے لیے ڈیڑھ ارب روپے، وزیراعظم قومی صحت پروگرام کے لیے 2 ارب روپے اور ایچ آئی وی، ایڈز، ملیریا و ٹی بی کنٹرول پروگرام کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ قومی آبادی ایکشن پلان کے لیے بھی 50 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں