کوئٹہ (اسپیشل رپورٹر)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے این ایف سی ایوارڈ اور صوبائی مالیات کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ میں کٹوتی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ موجودہ صورتحال یہ ہے کہ حکومت کے پاس سرکاری دفاتر کو چلانے کے لیے پیسے موجود نہیں ہیں، لیکن یہاں نئے صوبے بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے این ایف سی ایوارڈ کے حصّے میں کسی قسم کی کٹوتی ناممکن ہے اور اس اہم معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں اور اراکین کو متحد ہو کر مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔
سابق وزیراعلیٰ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس مالیاتی معاملے پر صوبائی قیادت اور اراکین اکھٹے نہ ہوئے تو آنے والے دنوں میں ہر ماہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے بھی اسلام آباد جانا پڑے گا۔