پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ، 15 اگست سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 15 اگست سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس میں پمپس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پیٹرول پمپس 15 اگست کی صبح 6 بجے سے بند کیے جائیں گے اور مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، 14 ہزار ممبران کا دباؤ ہے اور مطالبات پورے ہونے تک پمپس نہیں کھولے جائیں گے۔

وائس چیئرمین انور کمال کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت کی جانب سے ڈیلرز سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کے مارجن سے متعلق بھی حکومت کی جانب سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 15 اگست سے شروع ہونے والی پمپس کی بندش غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں