نوجوان میر رضا کی شرٹ کے کیمیائی تجزیے کی رپورٹ منظرِ عام پر آگئی

کراچی: مقتول نوجوان تاجر میر رضا کی شرٹ کے کیمیائی تجزیے کی رپورٹ پولیس کو موصول

کراچی:قتل کیے گئے نوجوان تاجر میر رضا کی شرٹ کے کیمیائی تجزیے کی رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق کیمیائی تجزیے کے دوران میر رضا کی شرٹ پر تیزاب کے شواہد ملے ہیں، جبکہ خون کے نمونے میں بے ہوشی کی دوا کے اجزا کی موجودگی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شرٹ کی کمر کے حصے پر گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) بھی پایا گیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق اس شواہد سے گولی لگنے کے مقام اور سمت سے متعلق مزید تحقیقات میں مدد مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ میر رضا 28 جولائی 2026 کو گھر سے لاپتہ ہوئے تھے، جبکہ اگلے روز گلستانِ جوہر کے قریب سے ان کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

ابتدائی طور پر واقعے کو مالی معاملات، قرض اور لین دین کے تنازع سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، تاہم اہل خانہ کے احتجاج اور تحقیقات پر عدم اعتماد کے بعد عدالت کے حکم پر طارق روڈ قبرستان میں میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق میر رضا کو کمر کی جانب سے گولی لگی تھی جبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے تھے۔

دوسری جانب تفتیشی ذرائع کے مطابق واقعے کے حوالے سے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کرائی جائے گی، جبکہ پولیس کی نئی تفتیشی ٹیم نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے رابطہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق میر رضا کو کسی قسم کی دھمکی موصول ہونے یا ممکنہ سائبر رابطوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے NCCIA میں درخواست بھی جمع کرائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں