خاران: کوئٹہ روڈ سے کمشنر رخشان ڈویژن اسد اللہ کاکڑ مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا

خاران (اسپیشل رپورٹر)خاران میں کوئٹہ مین شاہراہ پر برشونکی کے مقام پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران نو تعینات کمشنر رخشان ڈویژن اسد اللہ کاکڑ کو گاڑی سمیت اغوا کر کے نامعلوم سمت منتقل کر دیا ہے۔
​ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد اللہ کاکڑ حال ہی میں کمشنر رخشان ڈویژن کے عہدے پر تعینات ہوئے تھے اور وہ اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالنے کے لیے کوئٹہ سے خاران جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک کر انہیں تحویل میں لے لیا۔
​واضح رہے کہ اسد اللہ کاکڑ اس سے قبل بطور ڈپٹی کمشنر خاران بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، جس کے باعث وہ خطے کی انتظامی صورتحال سے اچھی طرح واقف تھے۔
​اعلیٰ انتظامی افسر کے دن دہاڑے اغوا کی اس سنگین واردات کے بعد علاقے میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے،
تاہم خبر لکھے جانے تک مغوی کمشنر کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں