سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری، گھریلو صارفین کو روزانہ صرف 8 گھنٹے گیس ملے گی
موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس کی فراہمی کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صارفین کو دن میں صرف تین مخصوص اوقات میں قدرتی گیس فراہم کی جائے گی۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گھریلو صارفین کو 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر صرف 8 گھنٹے گیس دستیاب ہوگی۔
شیڈول کے تحت صبح 6:30 سے 9 بجے، دوپہر 12 سے 2:30 بجے اور شام 6 سے رات 9 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔
ادھر سندھ اور بلوچستان میں بھی سوئی سدرن گیس کمپنی نے گھریلو صارفین کے لیے گیس فراہمی کے اوقات محدود کرتے ہوئے نیا شیڈول نافذ کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق ان علاقوں میں بھی صارفین کو کھانا پکانے کے لیے روزانہ صرف تین اوقات میں، مجموعی طور پر 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی۔
سوئی سدرن ذرائع کے مطابق ایل این جی کی قلت اور موسمِ سرما میں گیس کی طلب میں اضافے کے باعث لوڈ مینجمنٹ مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بھی ایندھن کی فراہمی پر اثر انداز ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق قدرتی گیس کے متبادل ایل پی جی کی قیمتیں بھی بلند سطح پر ہونے کے باعث رواں موسمِ سرما میں گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔