پولیو کے خلاف پہلے سے زیادہ بہتر حکمت عملی اور بھرپور جدوجہد سے آگے بڑھنا ہو گا : وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو پر جائزہ اجلاس ہوا
وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کا حصول ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم ہمارا عزم اور حوصلہ اس چیلنج سے کہیں زیادہ مضبوط ہے
تاہم تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی مشاورت اور مشترکہ حکمتِ عملی کے ذریعے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ہے
انہوں نے ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہمات کی کامیاب انعقاد کے لیے فرنٹ لائن پولیو ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم، محنت اور خدمات کو سراہا
اور کہا کہ انسداد پولیو مہمات کے دوران فرنٹ لائن ورکرز کی مسلسل رسائی اور ان کی سکیورٹی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے :
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات (روٹین امیونائزیشن) کی کوریج کو مزید بہتر بنایا جائے
اور خصوصی طور پر پولیو سے متاثرہ اور پولیو کے حوالے سے تشویش کے حامل علاقوں میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بڑھائی جائے
وزیراعظم نے سکیورٹی کے حوالے سے حساس اور مشکل علاقوں میں انسدادِ پولیو مہمات کے لیے رسائی میں نمایاں بہتری کو قابلِ تحسین قرار دیا
انہوں نے ملک میں سامنے آنے والے حالیہ پولیو کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف پہلے سے زیادہ بہتر حکمت عملی اور بھرپور جدوجہد سے آگے بڑھنا ہو گا
انہوں نے وزیر مملکت ، سیکرٹری قومی صحت اور انسداد پولیو ٹیم کے اراکین کو فوری طور پر چاروں صوبوں کا فوری دورہ کر کے وزراء اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز سے ملاقاتوں کی ہدایت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر چاروں صوبوں سے مشاورت کے بعد انسداد پولیو کا مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے
اس سے قبل اجلاس کو ملک میں حالیہ پولیو کیسز اور انسداد پولیو کے حوالےسے اقدامات پر بریفنگ دی گئی
یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہوا کہ آ ج ہی ضلع خیبر سے پولیو کا نیا کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 9 ہو گئی
جبکہ 2026 میں صوبہء خیبر پختونخوا میں ضلع خیبر سے 3, بنوں سے 3 اور شمالی وزیرستان سے ایک پولیو کیس سامنے آیا؛
رواں سال صوبہء سندھ میں ضلع کراچی شرقی سے ایک اور ضلع سجاول سے ایک پولیو کیس سامنے آیا :

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں