اسلام آباد: اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کے وزرائے خارجہ نے پیر کے روز “ویژن 2035” کی منظوری دے دی، جو کہ علاقائی معاشی تعاون کی رہنمائی کے لیے نتیجہ خیز ہدایات اور قابلِ پیمائش اہداف کے ساتھ ECO ویژن 2025 کی جگہ ایک نیا اسٹریٹجک پلان ہے۔
اسلام آباد میں پیر کو اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن کی کونسل آف منسٹرز کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا، “ہمارے ملکوں کو درپیش بہت سے چیلنجز قومی سرحدوں سے بالاتر ہیں اور قریبی باہمی تعاون اور مشترکہ ردعمل کا تقاضا کرتے ہیں۔”
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ خطہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر ایک “منفرد مقام” رکھتا ہے، جو اہم منڈیوں، وافر قدرتی وسائل اور تاریخی تجارتی راستوں کو آپس میں ملاتا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا، “جغرافیہ نے ہمیں ایک امتیازی برتری دی ہے۔ ہماری مشترکہ کوشش ہونی چاہیے کہ اس برتری کو مضبوط معاشی تعلقات اور ہم سب کے لیے مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کیا جائے۔”
پیر کے روز اپنی اختتامی گفتگو میں، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اجتماعی عزم کو ٹھوس اقدامات میں بدلنے پر زور دیا۔
تمام وفود کے تعمیری تعاون اور قیمتی آرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، اسحاق ڈار نے کہا کہ ان مذاکرات نے علاقائی معاشی تعاون اور انضمام کے لیے رکن ممالک کے مشترکہ عزم کی تجدید کی ہے۔
انہوں نے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری کو اگلے ایک دہائی کے لیے تنظیم کے لائحہ عمل کی تشکیل میں ایک “اہم سنگ میل” قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹجک اہداف اور اسلام آباد اعلامیہ (کمیونیک) نے علاقائی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک فراہم کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، “اب ہمارا کام یہ ہے کہ ہم اپنے اجتماعی عزم کو ٹھوس اقدامات میں ڈھالیں۔ اس کے لیے واضح ترجیحات، حقیقت پسندانہ نظام الاوقات اور موثر فالو اپ میکانزم کی ضرورت ہوگی۔”
اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کا “مرکزی ستون” ہے، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ملک نے ہمیشہ ایک “مضبوط، زیادہ موثر اور جوابدہ ای سی او” کی توثیق کی ہے۔