ریکوڈک منصوبہ استثنا نہیں بلکہ طویل مدتی شراکت داری کا نیا معیار ہے: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

اسلام آباد/کوئٹہ: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان ریکوڈک منصوبے کو محض ایک استثنا نہیں بلکہ ملک میں طویل مدتی معدنی شراکت داری کے ایک نئے معیار کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہم معدنیات کی تلاش، ترقی اور پیداوار میں طویل مدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔ معدنی شعبہ پاکستان کی برآمدات، زرمبادلہ کے ذخائر، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی طویل مدتی حکمت عملی کا ایک اہم ترین حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معدنی شعبے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنانے اور ضابطوں کو آسان بنانے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اس سلسلے میں معدنیات کے شعبے میں لائسنس کے اجرا کے مراحل کو آسان اور فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ حکومت معدنی شعبے کے لیے شفاف اور یکساں مالیاتی شرائط مرتب کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو خصوصی رعایتوں کے لیے الگ الگ مذاکرات نہ کرنا پڑیں۔
معدنی منصوبوں اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ کان کنی کے منصوبوں، رسد کے راستوں (سپلائی روٹس) اور افرادی قوت کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
صوبہ بلوچستان میں معدنی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صرف بلوچستان کے اضلاع چاغی اور خضدار میں معدنیات کی تلاش کے لیے 40 سے زائد لائسنس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ چاغی کے معدنی ذخائر سے گوادر بندرگاہ تک سڑکوں کی رابطہ کاری کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
پاکستان اب خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے مقامی سطح پر تانبے کی اسمیلٹنگ کے ذریعے ویلیو ایڈیشن کو بڑھا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے ملک بھر میں جاری معدنی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں معدنی ذخائر کی نشاندہی کے لیے جدید ارضیاتی نقشہ سازی اور سروے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے جبکہ گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن کے ذخائر کی تلاش کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور دیگر بنیادی دھاتوں کے ذخائر کی نشاندہی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، تحقیقی لیبارٹریوں اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان کے معدنی شعبے کی صلاحیت اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں