گوادر اور تربت جانے والی ٹرانسپورٹ سے بھتہ وصولی، بلوچستان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور گرما گرم بحث

کوئٹہ ( خبر دار رپورٹ ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکنِ اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے نقطۂ اعتراض پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ گوادر اور تربت جانے والی ٹرانسپورٹ سے ناگ کے قریب مسلح جتھے سرعام بھتہ وصول کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ لوگ کون ہیں جو عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واشک اور وڈھ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو طلب کیا جائے۔
اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ء لانگو نے ایوان میں واضح کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور ہماری حکومت کا پختہ اور واضح مؤقف ہے کہ اس طرح کی قانون شکنی اور صورتحال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے ارکانِ اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اس طرح کی بھتہ خوریاں کر رہا ہے تو اس کے تمام ثبوت فراہم کیے جائیں، حکومت فوری اور سخت ایکشن لے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پورے صوبے کی صورتحال کی رپورٹ پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جوابی بحث میں حصہ لیتے ہوئے رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ “ہم کسی کا نام نہیں جانتے کیونکہ چوروں اور غنڈوں کا کوئی مخصوص نام نہیں ہوتا۔
انہوں نے وزیر داخلہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس سنگین معاملے پر فوری طور پر آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں