پیمرا کی سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ناخوشگوار واقعات کی براہِ راست اور غیر مصدقہ کوریج سے گریز کی ہدایت
کوئٹہ(خبردار کوئٹہ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ دھماکوں، آتش زدگی، فائرنگ اور دہشت گردی سمیت کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی براہِ راست نشریات، دوبارہ نشریات اور کوریج سے گریز کیا جائے۔
پیمرا کے حکم نامے کے مطابق ٹی وی چینلز صرف متعلقہ سرکاری محکموں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تصدیق شدہ معلومات نشر کریں۔
حکم نامے میں تمام لائسنس ہولڈرز کو نشریات کے دوران مقررہ ٹائم ڈیلے کے مؤثر استعمال اور قوانین کے مطابق آزاد ادارتی بورڈ تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پیمرا نے واضح کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002ء کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ پیمرا اس حوالے سے 20 فروری 2023ء کو بھی ہدایات جاری کر چکا ہے۔