لورالائی (اسپیشل رپورٹر)بلوچستان کے ضلع لورالائی کی یونین کونسل پٹھان کوٹ میں مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے دو معصوم بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔
ذرائع کے مطابق یونین کونسل پٹھان کوٹ میں ایک غریب خاندان کے مکان کے کمرے کی چھت گزشتہ دنوں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے انتہائی خستہ حال ہو چکی تھی۔
آج اچانک خستہ حال چھت زوردار دھماکے سے نیچے آ گری، جس کے نتیجے میں وہاں موجود دو بچے ملبے تلے دب گئے۔
واقعے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا کر بچوں کو نکالا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ جاں بحق بچوں کو فوری طور پر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال لورالائی منتقل کیا گیا۔
ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال لورالائی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال لائے جانے سے قبل ہی بچے دم توڑ چکے تھے۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ضروری قانونی اور طبی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بچوں کی میتیں گھر پہنچنے پر پورے علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی اور والدین پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ مقامی سماجی حلقوں نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ کچے مکانات کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرہ خاندان کی مالی امداد کی اپیل کی ہے۔