اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی سربراہی میں وزارتِ خارجہ میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا،
جس میں آئندہ کی سفارتی سرگرمیوں اور پاکستان کے خارجہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور وزارتِ خارجہ کے دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری خارجہ اور اعلیٰ حکام نے نائب وزیراعظم کو مستقبل میں ہونے والی سفارتی مصروفیات، دوطرفہ ملاقاتوں اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ عالمی سطح پر پاکستان کے سیاسی اور اقتصادی مفادات کے مؤثر فروغ کے لیے تمام تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ اور معاشی سفارت کاری ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سفارتی اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری انتہائی ناگزیر ہے۔
انہوں نے حکام کو سخت ہدایت کی کہ عالمی سطح پر ہونے والے معاہدوں اور سفارتی ملاقاتوں کے بعد پیدا ہونے والے امور اور اقدامات کے فالواپ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ان سرگرمیوں کے مثبت اور ٹھوس نتائج حاصل کیے جا سکیں۔