قلعہ سیف اللہ (خبردار نیوز): سیکریٹری فارسٹ اینڈ وائلڈ لائف بلوچستان عمران گچکی، چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ، اور کنزرویٹر ژوب ڈویژن سید شراف الدین کی خصوصی ہدایات اور احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے، محکمہ وائلڈ لائف نے قلعہ سیف اللہ میں ایک کامیاب اور بڑی کارروائی عمل میں لائی ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر نیولے (Marbled Polecat) کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی،
جس کا اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیا۔
اس سلسلے میں انتہائی ماہرانہ اور تکنیکی بنیادوں پر انکوائری کا آغاز کیا گیا۔
ٹھوس شواہد اور سراغ ملنے پر، ڈپٹی کنزرویٹر فارسٹ محمد انور کاکڑ اور سب ڈویژنل وائلڈ لائف آفیسر حسین خان نے ٹیم کے ہمراہ ایک غیر آباد مکان پر اچانک چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران مکان سے دو عدد نیولے بحفاظت بازیافت کر لیے گئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، وہاں مقیم افغان مہاجر ملزم کو چھاپے سے قبل ہی کارروائی کی اطلاع مل گئی تھی، جس کی وجہ سے وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا،
تاہم محکمہ کی ٹیم ملزم کی گرفتاری کے لیے متحرک ہے۔
بازیافت کیے گئے دونوں نیولوں کو بحفاظت ان کے قدرتی مسکن (Natural Habitat) میں لے جا کر مکمل آزادی کے ساتھ چھوڑ دیا گیا ہے۔
سیکریٹری فارسٹ عمران گچکی اور چیف کنزرویٹر نے ڈپٹی کنزرویٹر محمد انور کاکڑ، سب ڈویژنل آفیسر حسین خان اور ان کی ٹیم کی اس فوری، پیشہ ورانہ اور کامیاب کارروائی کو انتہائی سراہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں جنگلی حیات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے
اور غیر قانونی شکار، اسمگلنگ یا نایاب جانوروں کو قید کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی