کوئٹہ (اسپیشل رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ، مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی کے قریب مسلح رہزنوں نے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی کے قریب نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان کو روک کر گاڑی چھیننے کی کوشش کی۔
نوجوان کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزمان نے بے دریغ فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں نوجوان گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد ملزمان موٹر سائیکل چھین کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹروں نے انکی حالت تشویشناک بتائی ہے تاہم علاج جاری ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔