اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) اسلام آباد ہائیکورٹ میں صدرِ مملکت کی جانب سے ہائیکورٹس کے ججز کی تعیناتی سے متعلق سمری منظور نہ کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کےجج جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے اور صدرِ مملکت نے تمام ہائیکورٹس کے ججز کی تعیناتی کی توثیق کردی ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صدر کی جانب سے توثیق موصول ہونے کے بعد وزارتِ قانون فوری طور پر ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردے گی۔
اس موقع پر وکیل زاہد آصف چوہدری نے کہا کہ ’’آپ کی وجہ سے یہ ہوا ہے، عدالت نے آرڈر کیا تو یہ ہوا ہے۔‘‘
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ ’’یہ عدالت تو آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کے لیے بیٹھی ہے۔‘‘
عدالت نے وزارتِ قانون کی جانب سے ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ ’’جب وزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن ہوجائے، وہ لے کر آجائیں، پھر کیس نمٹا دیں گے۔‘‘
عدالت نے کیس آج ہی دوبارہ سماعت کے لیے رکھتے ہوئے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے پر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔