اسلام آباد ( خبردار نیوز ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مون سون شجرکاری مہم 2026 کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ درختوں کا تحفظ اور شجرکاری ایک قومی ذمہ داری اور ہماری اہم ترین ترجیح ہے۔
صدر مملکت نے بتایا کہ مون سون شجرکاری مہم 2026 کے تحت ملک بھر میں 2 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ جنگلات حیاتیاتی تنوع، آبی وسائل اور ماحول کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے موجودہ موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات سے نمٹنے کے لیے جنگلات کا فروغ ناگزیر ہے۔
صدر زرداری نے اپیل کی کہ شہری، نوجوان، تعلیمی ادارے اور مقامی آبادی اس شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور خاص طور پر مقامی اور موزوں درختوں کی اقسام لگانے پر توجہ دی جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور پائیدار زمین کے انتظام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ مون سون شجرکاری مہم ہم سب کے لیے ماحولیاتی ذمہ داری اور اجتماعی اقدام کی دعوت ہے۔
ایک سرسبز، صاف اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل مضبوط پاکستان کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ آج لگائے گئے درخت آنے والی نسلوں کے صحت مند اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔