کوئٹہ (خبردار نیوز) بلوچستان کے اضلاع چاغی اور پشین میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،
جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران سمیت 6 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے نوکچہ (چاغی) اور زیارت کراس (پشین) کے علاقوں میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ تفتان ہائی وے اور کسٹمز ہاؤس پر دہشت گردوں کے حملوں کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں متحرک فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے خلاف آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت پوری قوت سے جاری رہیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر مطمئن کا اظہار کرتے ہوئے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ غیر ملکی ایما پر بلوچستان کا امن خراب کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے صوبے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
قومی شاہراہوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔