بلوچستان میں گزشتہ دو برس کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (5 اکتوبر خبر دار نیوز ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر صوبے تمام اساتذہ کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر، نئی نسل کی کردار سازی اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ معیاری تعلیم کے حصول کے لیے اساتذہ کو بااختیار بنانا اور ان کے پیشہ ورانہ مقام کا تحفظ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال عالمی یوم اساتذہ کا موضوع اساتذہ کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کے پیشے کے تحفظ کی اہمیت کو اجاجر کرتا ہے، اور حکومت بلوچستان اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار اور بہتر تدریسی ماحول کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے حکومتی کارکردگی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران تعلیمی شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لائی گئی ہیں:
گزشتہ دو برسوں کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سال 2025 میں 2 لاکھ 31 ہزار جبکہ سال 2026 میں اب تک 2 لاکھ 81 ہزار بچوں کا اسکولوں میں داخلہ یقینی بنایا گیا ہے۔
صوبے کے غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے کے نتیجے میں 95 ہزار سے زائد بچے ایک بار پھر تعلیمی نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔
تدریسی عمل کو مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے 15 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے ہیں۔
فاؤنڈیشن کے تحت 2 ہزار سے زائد نئے اسکول قائم کیے گئے ہیں، کمیونٹی اسکولوں کے ذریعے ایک لاکھ 54 ہزار بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ مزید 1,800 اسکولوں کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے۔
اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کمیونٹی کی شمولیت سے پی ٹی ایس ایم سی (PTSMC) منصوبہ جاری ہے، جس کی مجموعی تخمینی لاگت 6 ارب روپے ہے۔
اس منصوبے کے تحت 2 ہزار اسکولوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے اور مجموعی طور پر 3,640 نئے کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک کمرے والے اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ استاد صرف علم منتقل کرنے والا نہیں بلکہ بچوں کی شخصیت، کردار اور سوچ کی بنیادی تشکیل کرتا ہے۔ باشعور، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیم اور اساتذہ پر سرمایہ کاری دراصل بلوچستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
بیان کے آخر میں میر سرفراز بگٹی نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بلوچستان کا حتمی مقصد ایک ایسا تعلیمی نظام تشکیل دینا ہے جہاں صوبے کے ہر بچے کو تعلیم کا بنیادی حق حاصل ہو، ہر اسکول فعال ہو، اور ہر استاد کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کے لیے سازگار ماحول اور تمام ضروری سہولیات میسر ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں