عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ملک بھر کی طرح بلوچستان کےتعلیمی اداروں میں پروقار تقاریب

کوئٹہ ( خبر دارنیوز) محکمہ ہائر ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں عالمی یومِ اساتذہ کے حوالے سےپروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں ہونے والے تقاریب میں بچوں نے اساتذہ کی عزت و احترام اور ان کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے خوبصورت تقاریر، اصلاحی ڈرامے اور مختلف ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔
ان تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کرام کا کہنا تھا کہ استاد معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ ایک استاد صرف کتابی علم ہی نہیں دیتا بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی، کردار سازی اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے میں بھی اہم فریضہ انجام دیتا ہے۔
کوئٹہ کے ٹیکنکل سکول میں ہونے والے تقریب کے دوران طلبہ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی مخلصانہ محنت اور رہنمائی ہی ان کے روشن مستقبل کی اصل بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ استاد کی عزت اور ان کی لازوال خدمات کا اعتراف کرنا ہر معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
تقریب کے اختتام پر اساتذہ کرام نے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے شاندار پروگرامز کو سراہا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی فروغ کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اخلاقی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ تقریب کا مقصد انسانیت کے لیے اساتذہ کی نیک خدمات اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں