گوادر ( خبردار نیوز) گوادر فری زون میں پاکستانی اور چینی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے زرعی و غذائی شعبے کے اہم منصوبے “شہزاد اینڈ شاؤ فارم” کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔
تقریب میں سیکرٹری میری ٹائم افیئرز کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ، دیگر حکومتی شخصیات اور چینی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری میری ٹائم افیئرز کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ شہزاد اینڈ شاؤ فارم کا قیام پاک چین اقتصادی شراکت داری میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
اس مشترکہ سرمایہ کاری سے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور فنی تربیت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اور غذائی شعبوں میں سرمایہ کاری سے مقامی وسائل کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی،
جبکہ فری زون میں صنعتی و پیداواری سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ فری زون میں صنعتوں کے قیام سے بندرگاہ کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ بلوچستان کے زرعی، ماہی گیری اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ کیچ اور پنجگور کی کھجور سمیت مقامی پیداوار کی پراسیسنگ اور برآمدات سے معاشی ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کا 1.2 ملین گیلن یومیہ ڈی سیلینیشن پلانٹ جولائی 2025 سے شہر کو پانی فراہم کر رہا ہے، اور سرمایہ کاروں کو بنیادی سہولیات اور انتظامی امور میں تمام ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔
سی ای او شاؤ یونفی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اینڈ شاؤ فارم مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور چین کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس طرح کے مشترکہ منصوبے گوادر فری زون میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کا بڑا ذریعہ بنیں گے۔