مستونگ( نامہ نگار ) کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک کے ایک اور المناک حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں بدرنگ کے مقام پر ایک سوزکی وین اور ٹرک کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جنہوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے تمام جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق قلات سے ہے۔ اس دلخراش واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے جبکہ لواحقین اور قلات کے عوام کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔
قومی شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور تیز رفتاری کے اس طرح کے اندوہناک واقعات نے ایک بار پھر مسافروں کی زندگیوں کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے، جس پر عوامی حلقوں کی طرف سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے