کوئٹہ چمن شاہراہ پر پولیس تھانے پر مسلح حملہ، ایک شخص جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی
کوئٹہ چمن شاہراہ پر میزئی اڈہ کے قریب صدر پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تھانے کا کک جیلانی خان ولد روستم جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار میروائس خان ولد احمد خان، قوم کاکوزئی، زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں، تاہم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے میں زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر ٹراما سینٹر میزئی اڈہ کے ایمرجنسی روم میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں جاں بحق جیلانی خان اور زخمی پولیس اہلکار میروائس خان کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔