گوادر میں 7 دہشت گرد ہلاک، قوم کو فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، شاہد رند

کوئٹہ (خبردار رپورٹ ): معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے گوادر میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز نے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا کر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور ان کے تخریبی منصوبے کو دھر دھر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہادر اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔
معاون اطلاعات بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ “فتنہ الہندوستان” کے کارندے صوبے میں بدامنی پھیلا کر ترقی کا سفر نہیں روک سکتے۔ بلوچستان کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور امن کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پوری قوم پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں