پولیو سے پاک بلوچستان :تمام 23 ماحولیاتی نمونے منفی، 2 سال سے کوئی کیس رپورٹ نہیں

کوئٹہ ( ٌخبردار نیوز) بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر سے لیے گئے تمام 23 ماحولیاتی پولیو نمونوں کے نتائج منفی آئے ہیں، جو کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں اور مسلسل محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
وزیر صحت نے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ دو سال سے صوبے میں پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سنگ میل وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکریٹری کی بہترین نگرانی اور گائیڈنس کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
بخت محمد کاکڑ نے اس کامیابی کا سہرا محکمہ صحت کے حکام، پولیو ورکرز اور والدین کے سر باندھتے ہوئے ان کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شدید سکیورٹی خدشات اور دشوار گزار علاقوں کے باوجود پولیو ٹیموں نے جس جرأت اور جذبے سے مہم جاری رکھی، وہ قابلِ تحسین ہے۔
وزیر صحت بلوچستان نے اس دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیو مہم کے شہدا اور متاثرہ کارکنوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ “پولیو سے پاک بلوچستان” کے ہدف کے حصول تک یہ جدوجہد اسی لگن اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی، کیونکہ اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں