مشیر کھیل مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید مبینہ طور پر اغوا، وزیر داخلہ کی تصدیق

کوئٹہ: بلوچستان کی رکن اسمبلی اور مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید کو ضلع کیچ کے علاقے مند سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق واقعہ مند کے علاقے بلوچ آباد میں پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد مبینہ طور پر اورنگزیب مجید کو گن پوائنٹ پر اپنے ساتھ لے گئے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے پریس کانفرنس کے دوران واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مینا مجید کے بھائی کو اغوا کیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے مشیر کھیل مینا مجید کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کرکے اغوا کے واقعے سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے مینا مجید کو حوصلہ دیا اور ان کے بھائی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں