بلوچستان میں ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس کا آغاز: وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی طبعی ماہرین سے گفتگو

کوئٹہ، 22 اکتوبر ( خبر دارنیوز ) بلوچستان میں صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے اب ڈیجیٹل نظام کے تحت شہریوں کو معیاری طبی مشاورت اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ٹیلی میڈیسن سروس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی ڈیسک پر تعینات طبی ماہرین سے اچانک رابطہ کیا۔
اس دوران انہوں نے ٹیلی میڈیسن سروس کے طریقہ کار اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیسک پر تعینات عملے کی مستعدی اور فرائض سے لگن پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ “الحمدللہ، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔
” انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل سروس کے قیام سے صوبے کے دور دراز علاقوں کے باسیوں کو معمولی یا مشاورتی علاج کے لیے طویل سفر اور شدید مشکلات برداشت کرنے سے نجات مل جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں تک معیاری طبی مشاورت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جو صحت کی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے کے ہر کونے میں بسنے والے عوام کو صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا یہ سلسلہ پوری غیرت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں