تاریخی سنگِ میل: پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی چینی خلائی مشن ’شینژو-24‘ کے ہمراہ خلا میں روانہ

جیوچوان (چین): پاکستان نے خلائی تحقیق کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ ملک کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی آج (بدھ 25 نومبر) چین کے خلائی مشن ’شینژو-24‘ (Shenzhou-24) کے ذریعے کامیابی کے ساتھ خلا کے سفر پر روانہ ہو گئے ہیں۔
شمال مغربی چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے مشن کی روانگی سے قبل ایک پُروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت پاکستانی اور چینی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر تقریب میں شریک پاکستانیوں نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھام کر اپنے ہیرو کو الوداع کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ذیشان علی اپنے دو چینی ساتھی خلا بازوں—کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی—کے ہمراہ اسپیس سینٹر سے لانچنگ پیڈ پر پہنچے۔
خلائی جہاز میں سوار ہونے سے قبل انہوں نے پرجوش انداز میں سیلوٹ کیا، جس کے بعد چینی اسپیس سینٹر نے ’شینژو-24‘ کی کامیاب لانچنگ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
پاک فضائیہ کے سابق پائلٹ ذیشان علی اس مشن میں ’پے لوڈ اسپیشلسٹ‘ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ وہ چین کے ’تیان گونگ‘ (Tiangong) خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی بن گئے ہیں، جہاں وہ تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت پوری قوم نے اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی اور سائنسی تعاون کی ایک شاندار مثال قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں