پاکستانی خلا باز کی چینی خلائی اسٹیشن آمد: چینی صدر کا صدر زرداری کے نام تہنیتی خط

بیجنگ (مانیڑنگ ڈیسک ) چینی صدر نے ایک پاکستانی خلا باز کے کامیابی کے ساتھ خلا میں داخل ہونے اور چینی خلائی اسٹیشن میں قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے کے تاریخی موقع پر پاکستان کی حکومت، عوام، دونوں ممالک کے خلا بازوں اور خلائی صنعت سے وابستہ ٹیموں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے نام لکھے گئے اپنے تہنیتی خط میں چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں، اور سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط اور اٹوٹ رہی ہے۔
انہوں نے اس تاریخی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کائنات کی تسخیر کے سفر میں دونوں ممالک کے خلا بازوں کا ہاتھ ملانا ان کی گہری دوستی کا زندہ ثبوت اور دوطرفہ تعاون کا ایک نیا اور اہم سنگِ میل ہے۔ چینی صدر کا مزید کہنا تھا کہ کائنات لامتناہی ہے، اس لیے اس کی کھوج کا سفر بھی کبھی نہ ختم ہونے والا ہے۔
چینی خلائی اسٹیشن کو امن، دوستی اور تعاون کی ایک کشتی قرار دیتے ہوئے چینی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین، پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بیرونی خلا کے پُرامن استعمال کا پرچم بلند رکھنے، بین الاقوامی خلائی تعاون کو گہرا کرنے اور عالمی خلائی نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے،
تاکہ خلائی تحقیق کے ثمرات سے پوری انسانیت کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں