کوئٹہ (خبردار نیوز ) بلوچستان میں ٹی بی کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری، سول ہسپتال کوئٹہ میں آگاہی واک کا انعقاد،ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی بی قابل علاج مرض ہے، بروقت تشخیص اور
احتیاط انتہائی ضروری ہے۔
کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں ٹی بی کے خاتمے کے لیے اقدامات گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہیں۔
سال 1996 سے صوبے میں ٹی بی کنٹرول پروگرام باقاعدہ آغاز ہوا تھا ، جو آج بھی مریضوں کو تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
اس سلسلے میں سول ہسپتال کوئٹہ میں ٹی بی سے آگاہی کے حوالے سے واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے شرکت کی۔
شرکاء نے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی پیغامات بھی دیے۔
ماہرین کے مطابق ٹی بی ایک قابل علاج مرض ہے، تاہم اس کی بروقت تشخیص انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مریض اوسطاً 10 افراد تک اس مرض کو منتقل کر سکتا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اس وقت 50 جین ایکسپرٹ مشینیں فعال ہیں جبکہ مزید 36 مشینیں جلد نصب کی جائیں گی۔ ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹی بی کے خلاف
آگاہی پھیلائیں اور اس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں