ادارہ تحفظ ماحول پنجاب کا بڑا اقدام، صوبہ بھر میں 5 لاکھ سے زائد پودے لگا دیے گئے

لاہور (نیوز رپورٹ) ادارہ تحفظ ماحول پنجاب (EPA) نے صوبے میں آلودگی کے خاتمے اور ماحول کی بہتری کے لیے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
ترجمان ماحولیات پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں جاری مہم کے دوران اب تک 5 لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مرکزی شجرکاری مہم کے تحت 5 لاکھ 10 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے، جبکہ رواں سال جنوری سے اپریل تک مزید 21 ہزار سے زائد پودے لگانے کا ہدف مکمل کیا گیا۔
اس مہم میں پنجاب کا صنعتی شہر فیصل آباد سرفہرست رہا، جبکہ قصور اور بہاولپور میں بھی نمایاں شجرکاری کی گئی۔ اس کے علاوہ صوبے کے دیگر تمام اضلاع میں بھی شہری و دیہی سطح پر مہم تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان ماحولیات نے بتایا کہ صنعتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ تمام صنعتی علاقوں کے گرد ‘گرین بفر زونز’ کا قیام لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور فیکٹری مالکان کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں گرین بیلٹس تیار کریں۔
رپورٹ کے مطابق ان مؤثر اقدامات اور سخت قوانین پر عملدرآمد کے نتیجے میں سال 2025 کے دوران پنجاب کے فضائی معیار (Air Quality) میں نمایاں بہتری دیکھی گئی، جس کا اعتراف عالمی رپورٹس میں بھی کیا گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ صرف پودے لگانا ہی مقصد نہیں بلکہ ان کی مستقل دیکھ بھال اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
محکمہ ماحولیات نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سال 2026 میں شجرکاری اور گرین زونز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ صوبے کو ماحولیاتی آلودگی اور سموگ جیسے مسائل سے مستقل نجات دلائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں