کوئٹہ ( خبرداار نیوز ) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان عسکر خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے اور قومی کھیل ہاکی کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،
جن کے مثبت ثمرات اب سامنے آنے لگے ہیں۔
وہ ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن، بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن، محکمہ تعلیم اور محکمہ کھیل کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ کے پی ایس او و جنرل سیکرٹری بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن سید امین شاہ، اسپیشل سیکرٹری محکمہ تعلیم رضوان قدیر، ڈائریکٹر سپورٹس سجاد اسلم بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ سبی میں ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے جو کہ مقامی نوجوانوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں بھی ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جہاں لائٹس کی تنصیب کا کام آخری مراحل میں ہے، جس سے کھلاڑیوں کو شام کے اوقات میں بھی پریکٹس کی سہولت ملے گی۔
قومی کھیل کے فروغ اور گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے کوئٹہ کے 25 اسکولوں کے طلباء میں ہاکی کٹس اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا۔
سید امین شاہ اور رضوان قدیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مناسب سہولیات، معیاری کوچنگ اور پلیٹ فارم فراہم کر کے قومی سطح کے کھلاڑی تیار کیے جا سکتے ہیں، کیونکہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کا فروغ ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے ناگزیر ہے۔