پشین ( خبردارنیوز ) ضلع پشین میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف پولیس نے سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں ایک بڑے گودام پر چھاپہ مار کر چوری شدہ ٹرانسفارمرز اور بھاری مقدار میں تاریں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ایس ڈی پی او سید عظمت شاہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران پشین میں مختلف کارروائیوں کے دوران 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے،
جو شہر میں چوری کی مختلف وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ پولیس نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر تین ٹرک چوری شدہ ٹرانسفارمرز اور تاریں اپنے قبضے میں لے لیں۔
ایس ڈی پی او نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی ہے کہ چوری شدہ سامان کی خرید و فروخت میں ملوث اور جرائم پیشہ افراد کی سہولت کاری کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے خلاف بھی بھرپور کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ پشین پولیس کی جانب سے شہر میں امن و امان کی بحالی اور جرائم کے خاتمے کے لیے مہم جاری ہے، جس کے تحت گزشتہ سات ماہ کے دوران تقریباً 17 کلوگرام منشیات بھی برآمد کی جا چکی ہے۔