نیو یارک: 24 ستمبر (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات و پروفیشنلز کے وفود کی ملاقاتیں ہوئیں ہیں .
وزیرِ اعظم نے وفود کو خوش آمدید کہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی.
انہوں نے کہا کہ کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز پاکستان کے سفیر ہیں جو دنیا بھر میں اپنے مثبت کردار سے ملک کا نام روشن کرتے ہیں.
حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے.
ایف بی آر میں اصلاحات سے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کیا گیا.
حکومت ملکی زرعی شعبے کی ترقی کیلئے شعبے میں جدت کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے.
کاروباری شخصیات کے وفود نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں زراعت، صنعت، برآمدات بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کی تعریف کی.
ملاقاتوں میں رانا مشہود احمد خان چئیرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار، پاکستان کے امریکہ میں سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِ اعظم کے غیر ملکی میڈیا کے ترجمان مشرف زیدی، سید قمر رضا چئیرمین اوور سیز فاؤنڈیشن، مینیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.