کوئٹہ (خبردار نیوز)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشن “ردالفتنہ-3” کے تحت ضلع مستونگ میں دو مختلف بڑی کارروائیوں کے دوران 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا،
جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع مستونگ کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے ٹارگٹڈ آپریشنز کیے۔
پہلی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ مستونگ ہی میں کی جانے والی دوسری بڑی کارروائی میں مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا اور ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی مواد برآمد ہوا ہے۔ آپریشن کے نتیجے میں کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشتگردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں،
اور صوبے سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔