تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی تجارتی فروغ تنظیم (Trade Promotion Organization of Iran) کے نائب ڈائریکٹر مہرداد سیادت نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (FTA) حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ رواں سال کے اختتام تک دونوں ممالک اس معاہدے کو حتمی شکل دے دیں گے۔
ایرانی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مہرداد سیادت کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کا سلسلہ جاری ہے تاہم آزاد تجارتی معاہدے پر باقاعدہ عمل درآمد سے کسٹمز اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی،
جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور دوطرفہ تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
باہمی تجارت کے اعداد و شمار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان رسمی اور غیر رسمی تجارت کا مجموعی حجم تقریباً 6 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
مہرداد سیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک میں موجود معاشی صلاحیتوں اور وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دوطرفہ تجارت کو باآسانی 10 ارب ڈالر کی حد سے تجاوز کرایا جا سکتا ہے۔
ایرانی برآمدات کی تفصیلات بتاتے ہوئے نائب ڈائریکٹر نے کہا کہ پیٹروکیمیکل مصنوعات، مائع گیس (ایل پی جی)، اسٹیل اور ٹائلز پاکستان کے لیے ایران کی اہم ترین برآمدات میں شامل ہیں، جن کی پاکستانی مارکیٹ میں خاصی طلب پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کی بندرگاہوں، نجی شعبے اور جدید لاجسٹک انفرااسٹرکچر سے بھرپور فائدہ اٹھانا ناگزیر ہے،
تاکہ خطے میں علاقائی تجارت کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔