اسلام آباد: (رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے آج ایک اہم پریس ریلیز میں ایران کی جانب سے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی کی تنصیبات پر گزشتہ رات کیے گئے
میزائیل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق، پاکستان حکومت نے ان حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کارروائی کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا
ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے اور اہم تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی
بھی مذمت کرتا ہے۔
حکومتِ پاکستان متاثرین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور اس مشکل گھڑی میں مملکتِ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
آخر میں، پاکستان نے مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔