انگور آڈہ: افغان طالبان کی سویلین آبادی پر گولہ باری، 5 افراد زخمی، سرحد پر صورتحال کشیدہ

جنوبی وزیرستان (مانیٹرنگ ڈیسک): پاک افغان سرحد پر واقع انگور آڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان حدود سے داغے گئے مارٹر گولے انگور آڈہ کے رہائشی علاقے میں گرے۔ ایک گولہ براہِ راست ایک مکان پر جا لگا، جس کے دھماکے سے گھر میں موجود پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق چند زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے افغان اشتعال انگیزی کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کی پوزیشنوں کو نشانہ بنایا۔ گولہ باری کے تبادلے کے بعد سرحدی علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے اور انگور آڈہ بارڈر کو ہر قسم کی تجارت اور پیدل آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سرحد پار سے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کے اس واقعے کے بعد پاکستانی فورسز نے سرحد پر پیٹرولنگ بڑھا دی ہے اور تمام دفاعی چوکیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں