کراچی بندرگاہ کے قریب دو بحری جہازوں کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات 7 بج کر 55 منٹ پر کراچی پورٹ کے قریب دو بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایم وی پاپو برتھ نمبر 8 اور 9 سے روانگی کے دوران کیبل بچھانے والے جہاز ایم وی نیوا سے ٹکرا گیا۔ اس وقت ایم وی نیوا پائلٹ کے انتظار میں چینل کی جانب آہستہ رفتار سے بڑھ رہا تھا۔
تصادم کے نتیجے میں ایم وی نیوا کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی کے پی او سی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار ٹگس روانہ کیے جنہوں نے متاثرہ جہاز کی مدد کی۔
بعد ازاں ایم وی نیوا کو بحفاظت برتھ نمبر 5 پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ ایم وی پاپو نے پورٹ کنٹرول کو آگاہ کیا کہ جہاز مستحکم ہے اور اپنے انجن کے ذریعے حرکت کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جہاز حادثاتی طور پر آپس میں ٹکرائے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ حکام نے مزید تحقیقات اور ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔