ڈیرہ بگٹی (خبر نگار)بلوچستان کے علاقے بیہہ لوٹی میں چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر دہشت گردوں کے حملے کو بگٹی امن فورس نے شدید جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
تعاقب کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں بگٹی امن فورس کا ایک جوان شہید اور تین زخمی ہو گئے۔
قبائلی ذرائع کے مطابق حملہ شہید فضل خان سب ڈویژن میں واقع وزیر اعلیٰ بلوچستان کے دستِ راست اور چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کی رہائش گاہ پر گزشتہ شب کیا گیا۔
حملے کے فوراً بعد وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے بھائی، وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی زیرِ نگرانی بگٹی امن فورس کے جوانوں نے پیش قدمی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیر لیا۔
دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ گزشتہ رات سے شروع ہو کر علی الصبح تک جاری رہا۔
طویل جھڑپ کے بعد جب دہشت گردوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تو بگٹی امن فورس نے ان کا تعاقب کیا۔
اس دوران شدید فائرنگ کے نتیجے میں 13 دہشت گرد مارے گئے۔
دہشت گردوں کی فائرنگ سے بگٹی امن فورس کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ تین جوان شدید زخمی ہوئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج معالجے کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
قبائلی ذرائع کا کہنا ہے کہ بگٹی امن فورس کے جوانوں کی بروقت، جرات مندانہ اور موثر کارروائی کی بدولت علاقے میں دہشت گردی کا ایک بہت بڑا منصوبہ خاک میں ملا دیا گیا ہے۔