کوئٹہ، 27 ستمبر 2026
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان بحریہ اور اس کی قیادت کو نئی شامل کی جانے والی آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور کے پہلے کامیاب براہ راست ہتھیاروں کے تجربے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اینٹی شپ کروز میزائل کے ذریعے طویل فاصلے پر موجود ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانا پاکستان بحریہ کی آبدوز فورس کی غیر معمولی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور بلند جنگی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
پاک بحریہ کی جدید آبدوز کی کامیاب ہتھیاروں کی فائرنگ ملک کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ تیاری کی عکاس ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پی این ایس/ایم ہنگور کی شمولیت اور آپریشنلائزیشن کے عمل سے وابستہ تمام افسران، اہلکاروں اور عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔
انہوں نے پاکستان بحریہ کے افسران اور جوانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کے لیے ان کی خدمات پر فخر ہے۔