اسلام آباد/برگن اسٹاک (نیوز ڈیسک)اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقدہ اعلیٰ سطح کا پہلا اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی کامیابی پر قوم کو نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات چیت انتہائی مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس کے نتیجے میں انتہائی حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔
وزیراعظم کے مطابق، برگن اسٹاک مذاکرات میں اگلے 60 دن کے اندر حتمی معاہدے کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ اس عمل کی سیاسی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے گی، جبکہ مزید تکنیکی مذاکرات کے باقاعدہ آغاز کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس تاریخی سفارتی عمل کو آگے بڑھانے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تعمیری روابط قائم رکھنے پر امریکہ اور ایران دونوں کی قیادت کے عزم کی تعریف کی اور خصوصی طور پر برادر ملک قطر کا شکریہ ادا کیا، جس نے ان نازک مذاکرات کے لیے موزوں ترین ماحول پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے بہترین میزبانی اور سہولت کاری فراہم کرنے پر سوئس حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی انتھک کوششوں پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی لگن، غیر متزلزل عزم اور ثابت قدمی قابلِ ستائش ہے اور سچی بات یہ ہے کہ ان کی ان تھک محنت کے بغیر یہ تاریخی کامیابی اور پیش رفت ممکن ہی نہ تھی۔

Leave a Reply