کویٹہ میں ی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش اور صحافیوں کی جبری برطرفیوں کے خلاف قرارداد منظور کر لی،

کوئٹہ (خبردار نیوز) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کوئٹہ میں مختلف قومی ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش اور سینکڑوں میڈیا ورکرز کو روزگار سے محروم کیے جانے کے خلاف پیش کی گئی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
ایوان نے صوبے میں آزادیِ صحافت کو یقینی بنانے اور برطرف صحافیوں کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
​اجلاس کے دوران رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن نے ٹی وی چینلز کے دفاتر کی بندش سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران کوئٹہ میں مختلف قومی ٹی وی چینلز کے 11 بیورو دفاتر بند کر دیے گئے ہیں،
جس کے نتیجے میں 122 سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ملازمتوں سے جبری طور پر فارغ کر دیا گیا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں کے معاشی قتل کا سلسلہ بند کیا جائے اور صوبے میں آزادیِ صحافت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
​قرارداد پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن اسمبلی ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ دنیا بھر میں ریاست کے ستونوں (پلرز) کی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔
قائداعظم محمد علی جناح نے اس ملک کو ایک فلاحی ریاست بنایا تھا لیکن بدقسمتی سے چار مارشل لاء اور تین آئینوں کے بعد آج یہ ملک ایک سیکیورٹی اسٹیٹ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میڈیا کے ساتھ بہت زیادتی ہو رہی ہے، یہ ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے جس پر صحافی سراپا احتجاج ہیں اور ہم صحافیوں کے اس احتجاج میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
​صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے ایوان میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جام کمال کے دورِ حکومت میں صوبے کے تمام پریس کلبوں کو گرانٹس فراہم کی گئی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے میڈیا نے بلوچستان کا مثبت چہرہ دکھانے کے بجائے صرف دہشت گردی کے واقعات کو ہی اجاگر کیا۔
تاہم، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت اپنے صحافیوں کے ساتھ ہے اور چینلز سے نکالے گئے صحافیوں کی بحالی کے لیے متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی۔
ظہور بلیدی نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق (کوڈ آف کنڈکٹ) پر عمل کریں، ہر ایک کی عزت کا خیال رکھیں اور معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کریں۔
​اس موقع پر صوبائی وزیر سلیم کھوسہ نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں صحافیوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ موجودہ کٹھن حالات میں صحافی جس طرح اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں وہ قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت میڈیا چینلز سے نکالے گئے صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
​بحث کے بعد اسپیکر نے قرارداد رائے شماری کے لیے ایوان میں پیش کی جسے اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں