راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے پیشہ ورانہ اور دفاعی روابط کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بنگلا دیش کی حکومت اور عسکری قیادت کی خصوصی دعوت پر کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) نے بنگلا دیش ملٹری اکیڈمی میں منعقد ہونے والی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطورِ خاص شرکت کی ہے۔ ا
س پروقار تقریب میں دیگر ممالک کے سینئر عسکری حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کہنا تھا کہ نوجوان کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت ان کے لیے انتہائی مسرت اور فخر کا باعث ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے گہرے روابط کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اور بنگلا دیش ہمیشہ بھائی چارے، مضبوط دوستی اور باہمی احترام کے لازوال رشتے میں جڑے رہیں گے۔ بنگلا دیش کی خوبصورتی اور وہاں کے عوام کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران انہیں جس خلوص اور اپنائیت کا احساس ہوا، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
کمانڈنٹ پی ایم اے نے پاس آؤٹ ہونے والے نوجوان کیڈٹس کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم مشورے دیے۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام کیڈٹس محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں اور خاص طور پر جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں، کیونکہ آنے والے دور میں کامیابی کا انحصار صرف اور صرف علم اور تکنیکی برتری پر ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق، کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی کا یہ دورہ اور پاسنگ آؤٹ تقریب میں شرکت، پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان موجودہ دفاعی تعاون، باہمی اعتماد، پیشہ ورانہ روابط اور مضبوط ہوتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی ایک روشن اور واضح مظہر ہے۔

Leave a Reply