دبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک )ایران پر امریکی پابندیوں میں عارضی نرمی اور کامیاب سفارتی پیش رفت کے بعد عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں رونقیں ایک بار پھر بحال ہونا شروع ہوگئی جس کے باعث تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں تین گنا ریکارڈ اضافہ۔
بین الاقوامی تجارت کی سب سے اہم اور حساس ترین سمندری گزرگاہ ‘آبنائے ہرمز’ میں تجارتی سرگرمیاں اچانک تیز ہو گئی ہیں۔
عرب میڈیا کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس بحری راستے سے گزرنے والے مال بردار اور تیل بردار جہازوں کی آمدورفت میں لگ بھگ تین گنا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، رواں ماہ 12 سے 14 جون کے درمیانی دو دنوں میں آبنائے ہرمز کا رخ کرنے والے بحری جہازوں کی تعداد محض 32 تھی، تاہم اگلے ہی ہفتے یعنی 19 سے 21 جون کے دوران یہ تعداد اچانک اور غیر معمولی رفتار سے بڑھتی ہوئی 93 تک جا پہنچی۔
عالمی امور کے ماہرین اور عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ خطے میں ہونے والی حالیہ مثبت سفارتی پیش رفت اور ایران کے تیل کے شعبے پر عائد امریکی پابندیوں میں ملنے والی عارضی نرمی اس بڑی تبدیلی کی بنیادی وجہ ہے۔
ان اقدامات نے بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں اور عالمی تاجروں کے خدشات کو دور کیا ہے، جس سے بحری تجارت میں اعتماد کی فضا بحال ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز خلیج فارس اور بحیرہ عمان کے درمیان واقع وہ سٹریٹجک آبی راستہ ہے جہاں سے دنیا کی کل ضرورت کا تقریباً 20 فیصد خام تیل اور ایل این جی گزرتی ہے۔
عالمی مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق، اس گزرگاہ پر تناؤ میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آنے والے دنوں میں عالمی توانائی کی سپلائی لائن اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گی
عالمی تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں رونقیں بحال؛ تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں تین گنا ریکارڈ اضافہ۔

Leave a Reply