اسلام آباد ( خبر دار نیوز ) پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کینیڈین ہم منصب انیتا آنند سے ملاقات کی جس میں باہمی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاک کینیڈا دوطرفہ تعلقات کو مزید مؤثر، فعال اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے مابین دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور ترجیحی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاک کینیڈا تعلقات کو مختلف شعبوں میں نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے مشترکہ اعلامیے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سالانہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تعاون کے تمام پہلوؤں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے پاک کینیڈا تعلقات مزید مستحکم اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔