کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور چوری چکاری کی وارداتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے مراد علی شاہ

کراچی (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،
جس میں کراچی میں جرائم کی شرح میں واضح کمی سے متعلق اہم اعداد و شمار پیش کیے گئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر قائد میں مجموعی طور پر اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں 11.77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سیکیورٹی اقدامات کے باعث ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں 18.9 فیصد جبکہ قتل کے ساتھ ڈکیتی کے واقعات میں 19.4 فیصد کمی رپورٹ ہوئی ہے۔
مزید برآں، دوران ڈکیتی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات میں بھی 25.4 فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
بریفنگ میں جنوری سے جون 2026 تک کے تقابلی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس عرصے کے دوران قتل کے واقعات میں 17.3 فیصد کمی آئی ہے۔
گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں بھی واضح بہتری آئی ہے؛ کار چھیننے کے واقعات میں 23.9 فیصد، موٹرسائیکل چھیننے میں 31.1 فیصد اور موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں 22.1 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اجلاس کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے جاری ‘سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم’ کے تحت صوبے کے 40 ٹول پلازوں پر 381 جدید کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔
اس اسمارٹ سرویلنس سسٹم کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں، جس کی مدد سے اب تک 496 ملزمان کو گرفتار اور 349 مسروقہ و مشکوک گاڑیاں ضبط کی جا چکی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے جرائم میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور اسمارٹ سسٹم کا دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں